سانحۂ ارتحال
حضرت مولانا غلام عبد القادر چشتی میاں علیہ الرحمہ نائب ناظم دارالعلوم اہلسنت فیض الرسول براؤں شریف ضلع سدھارتھ نگر یوپی
وفات 10/ جمادی الاخری 1444ھ مطابق 3/ جنوری 2023ء
پیکر حق و صداقت حضرت چشتی میاں
صاحب خلق و مروّت حضرتِ چشتی میاں
نور دیدہ تھے خلیفہ حضرتِ صدیق کے
تھے انھی کے دل کی راحت حضرتِ چشتی میاں
تھا غلامِ عبدِ قادر نام، چشتی تھا لقب
تھی اسی سے تیری شہرت حضرتِ چشتی میاں
والد ماجد کے اپنے، تم تھے سچے جانشیں
فیض پاتی تم سے خلقت حضرتِ چشتی میاں
فیض جاری تھا شعیب الاولیاء کا آپ سے
ان کی تم پر تھی عنایت حضرتِ چشتی میاں
درس گاہ اہل سنت جامعہ فیض الرسول
تیرے تھی زیر نظامت حضرتِ چشتی میاں
علم ظاہر علم باطن دونوں کے جامع تھے وہ
مرکزِ رشد و شریعت حضرتِ چشتی میاں
ان کی ہر اک بات میں پنہاں ہزاروں حکمتیں
چشمۂ انوارِ حکمت حضرتِ چشتی میاں
زندگی بھر دین کا پیغام پھیلاتے رہے
عام کرتے سب میں سنت حضرتِ چشتی میاں
بزرگانِ اہل سنت کا تھا دل میں احترام
چھوٹوں سے کرتے محبت حضرتِ چشتی میاں
جب بھی کوئی مضطرب ملتا تو پا جاتا سکوں
جب بڑھاتے دستِ شفقت حضرتِ چشتی میاں
اس کا بیڑا غرق کر دے تو جہاں میں اے خدا
تجھ سے جو رکھے عداوت حضرتِ چشتی میاں
حلقۂ اہل سنن میں تیری عظمت خوب تھی
میں کروں کیا تیری مدحت حضرتِ چشتی میاں
کر رہے ہیں سب دعائے مغفرت تیرے لئے
دے خدایا تجھ کو جنت حضرتِ چشتی میاں
بارشِ انوار و رحمت ہو خدایا قبر پر
پھر ہوائے باغ جنت حضرتِ چشتی میاں
بخش دے جرم و خطا یارب توئی غفّار ہے
قبر میں ہو نور و نکہت حضرتِ چشتی میاں
رب تعالیٰ سے دعا ہے روز و شب انجم مری
روضۂ جنت ہو تربت حضرتِ چشتی میاں
از قلم: ڈاکٹر غلام یحییٰ انجم
(صدر جمہوریۂ ہند ایوارڈ یافتہ)
پروفیسر شعبہ اسلامک اسٹڈیز، جامعہ ہمدرد، نئی دہلی
0 تبصرے